۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
معصومہ نقوی

حوزہ/ مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی راہنما کا ماہ رمضان المبارک کے آغاز کے موقع پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ اس بابرکت مہینے میں مسلمانوں کو اپنی اصلاح اور نفس کی تعمیر نو کے لئے ذکر خدا سے مدد حاصل کرنی چاہیئے اس مہینے کے مبارک ایام میں بندگی و عبادت، صلہ رحمی، گناہوں سے پرہیز، واجبات کی ادائیگی، اعمال حسنہ کی انجام دہی، طلب مغفرت و رحمت اور پروردگار کی قربت کے حصول کے لیے کوشش کرنی چاہیئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی راہنما سیدہ معصومہ نقوی نے ماہ رمضان المبارک کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ تمام عالم اسلام کو ماہ عظیم، ماہ صیام اور ماہ خدا یعنی رمضان المبارک کی آمد پر مبارکباد پیش کرتی ہوں، رمضان کریم جہاں رحمتوں برکتوں اور خدا کی مغفرت کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے وہیں تزکیہ نفس، تقوی و پرہیزگاری، ایمان محکم اور گناہوں کی سیاہی سے اپنے دلوں کو پاک کرنے کا بہترین وسیلہ ہے، اس ماہ میں ہمارا چھوٹے سے چھوٹا نیک عمل یہاں تک کہ روزہ دار کا سونا بھی عبادت شمار ہوتا ہے ختمی مرتبت حضرت محمد مصطفئ صل للہ علیہ وآلہ وسلم نے ماہ رمضان کی اہمیت کو اپنے خطبے میں بہترین انداز میں ارشاد فرمایا کہ یہ وہ مہینہ ہے جس کے دن تمام دنوں سے بہتر اور جس کی راتیں تمام راتوں سے افضل ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اس بابرکت مہینے میں مسلمانوں کو اپنی اصلاح اور نفس کی تعمیر نو کے لئے ذکر خدا سے مدد حاصل کرنی چاہیئے اس مہینے کے مبارک ایام میں بندگی و عبادت، صلہ رحمی، گناہوں سے پرہیز، واجبات کی ادائیگی، اعمال حسنہ کی انجام دہی، طلب مغفرت و رحمت اور پروردگار کی قربت کے حصول کے لیے کوشش کرنی چاہیئے۔

انہوں نے معاشرے کے صاحب حیثیت افراد سے اپیل کرتے ہوے کہا کہ موجودہ حالات میں عوام مہنگائ کی چکی میں بری طرح پس چکی ہے، ماہ مبارک رمضان میں اللہ تعالی کی رضا و خوشنودی کے لیے دل کھول کر غرباء و ضرورت مند گھرانوں کی مدد کی جاے تاکہ دنیا و آخرت کی سعادت مندی ہمارا نصیب ہو۔ اللہ تعالی اس عظیم مہینے کے صدقے فلسطین کے مظلومین کی مدد و نصرت فرمائے، دشمنان دین کو نابود کرے اور ہمارے ملک کو استحکام و خوشحالی عطا فرمائے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .